Aqaid-e-Islami (1)
تربیت مبلغین نصاب الباقر ورچوئل انسٹیٹیوٹ کا ایک تعلیمی و فکری پروجیکٹ ہے جس کا بنیادی پرپوزل سربراہ ادارہ الباقر حجت الاسلام ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پیش کیا۔ موسسہ باقر العلوم قم المقدسہ کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی اور موسسہ ہذا کی ٹیم اسے اجرا کر رہی ہے۔
نصاب کا ڈھانچہ
تربیت مبلغین نصاب کا دورہ تین سال پر مشتمل ہوگا ۔ ہر سال میں دو سمسٹر ہونگے۔ ہر سمسٹر چار مہینوں پر مشتمل ہوگا۔ ہر مہینے میں 22 دن کلاسیں ہونگی۔ ہر دن میں 3 کلاسیں ہونگی۔ ہر کلاس کا دورانیہ 40 منٹ پر مشتمل ہوگا۔(یعنی روزانہ دو گھنٹے کے دروس پڑھنے ہونگے)۔ ہر سمسٹر میں مجموعا 180 گھنٹوں کی کلاس ہوگی۔ ایک سال (یعنی دو سمسٹر ) میں 360 گھنٹوں کی کلاس ہوگی۔ پورے 3 سال میں 6 سمسٹر ہونگے۔ تین سالہ دورانیے میں مجموعا 1080گھنٹوں کی کلاس ہوگی۔ پورے تین سال کے دوران میں 22 عناوین کے دروس ہونگے جن میں قرآنیات، فقہ، فقہ عملی،عقائد، اخلاق ، حدیث ، فن تقریر اور سیرت معصومینؑ وغیرہ سے متعلق دروس ہونگے۔
نصاب کے اہداف
ائمہ جمعہ و جماعات کے علمی و فکری رشد و ارتقاء کے لیے زمینہ فراہم کرنا
تبلیغی اور ثقافتی میدان میں فعال افراد کی دانش افزائی کے لیے علمی و فکری مواد فراہم کرنا
مساجد و مکاتب قرآنی کو فعال اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانا
دینی تعلیمات کو عمیق انداز میں سیکھنے اور سکھانے کا زمینہ فراہم کرنا
دین کے منظومہ فکری کے بارے میں منظم آگاہی دینا
مستند و معتبر منابع و مآخذ سے دین کی بنیادی تعلیمات پیش کرنا
نصاب کی خصوصیات
مندرجہ بالا اہداف و مقاصد کے حصول کے لیے “الباقر ورچوئل انسٹیٹیوٹ”(Albaqir Virtual Institute)کے محققین نے ایک جامع نصاب تشکیل دیا ہے جس کی مندرجہ ذیل خصوصیات ہیں:
نصاب میں خاص منہج، اسلوب اور اہداف و مقاصد کا انتخاب کیا گیا ہے۔
نصاب میں دینی تعلیمات کے نظری اور عملی دونوں پہلوؤں کو مد نظر رکھ کر درسی مواد کا انتخاب کیا گیا ہے۔
کتابوں کے انتخاب میں دینی تعلیمات کے منظومہ فکری کی ترتیب اور تسلسل کی رعایت کی گئی ہے۔
عقائد، شرعی احکام(فقہی احکام) اور اخلاقیات کی بے حد اہمیت کے پیش نظر ان پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔(چھےل]
میں سے چار سمسٹروں میں ان موضوعات کے دروس کا تسلسل رکھا گیا ہے)
نصاب میں سیرت معصومینؑ پر خاص توجہ دی گئی ہے، اس سلسلے میں چند معتبر کتب کا انتخاب کیا گیا ہے۔
مبلغین کی جانب سے کسی خاص موضوع کے لیے کلاس منعقد کرنے کی درخواست کی جائے تو امکانی صورت میں اس درس کوبھی نصاب میں شامل کیا جائے گا۔
نصاب کا طریقہ اجراء
تربیت مبلغین تین سالہ نصاب کو شروع کرنے سے پہلے نام نویسی عمل میں لائی جائے گی۔ مقررہ حد نصاب تک نام نویسی کی صورت میں کورس کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
کلاسیں باقاعدہ طور پر شروع ہونے کے بعد ہفتے میں پانچ دن اور ہر دن میں دو گھنٹے کے دروس کی آڈیو کلپ الباقر ورچول انسٹیٹیوٹ ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی جسے روزانہ کی بنیاد پر سننا ہوگا۔
ہر درس سے متعلق کتب کے مطالعے کے لیے متعلقہ کتاب کی سافٹ کاپی پی ڈی ایف (PDF)فارمیٹ میں الباقر ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی جس کی طرف مراجعہ کرنا ہر مبلغ کے لیے ضروری ہوگا ۔ اس طرح درس کو سننے کے بعد اس کا مطالعہ کرنے سے درس مکمل طور پر ذہن نشین ہوگا۔
عقائد، احکام اور اخلاقیات کے دروس کی اہمیت کے پیش نظر ان موضوعات کے دروس سلسلہ وار کئی سمسٹر تک جاری رہیں گے لہذا ان دروس کو سلسلہ وار سننا ہوگا۔
ہر سمسٹر کے اختتام پر پڑھے گئے دروس کے امتحانات منعقد ہونگے۔ امتحان کی تفصیلات موقع پر پیش کی جائیں گی۔
اگلے سمسٹر میں داخلہ صرف اسی صورت میں ممکن ہوگا جب پچھلے سمسٹر کے دروس کے مطلوبہ نمبر حاصل کر چکے ہونگے۔